آزاد کشمیر: اسلحہ لائسنسوں کی لازمی رجسٹریشن کے نئے احکامات جاری

مظفرآباد: ہوم ڈیپارٹمنٹ آزاد جموں و کشمیر نے خطے میں غیر قانونی اسلحے کے استعمال اور اس کی رسد روکنے کے لیے اسلحہ لائسنسوں کی لازمی رجسٹریشن اور نئی پالیسی کے نفاذ سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں رہائش پذیر تمام اسلحہ لائسنس ہولڈرز کو اپنے لائسنس قریبی پولیس اسٹیشن میں رجسٹر کروانا ہوں گے، خواہ وہ لائسنس کسی بھی علاقے یا ادارے سے جاری ہوا ہو۔ محکمہ داخلہ نے تمام لائسنس ہولڈرز کو فوری طور پر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی ہے۔
رجسٹریشن کے دوران ایس ایچ او یا ان کا نامزد نمائندہ لائسنس کی ضروری تفصیلات درج کرے گا اور لائسنس ہولڈر کو باقاعدہ رجسٹریشن سلپ جاری کی جائے گی۔ عمل کو مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مصدقہ فہرستیں مرتب کر کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز) کو بھیجی جائیں گی، تاکہ رجسٹرڈ اسلحہ لائسنسوں کا مکمل ریکارڈ محفوظ رہے۔
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجراء کے 10 دن کے اندر رجسٹریشن نہ کروانے والے تمام لائسنس منسوخ تصور ہوں گے۔ اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف فوری گرفتاری اور اسلحہ ضبط کرنے سمیت متعلقہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ خصوصی اقدامات خطے میں غیر قانونی ہتھیاروں کے استعمال، ان کی رسد اور اس سے منسلک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ لائسنس ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے لائسنسوں کی رجسٹریشن مکمل کروائیں تاکہ قانونی پیچیدگیوں اور ممکنہ کارروائی سے بچا جا سکے۔











