ایران پر نئی فوجی کارروائی کا فیصلہ جلد، ٹرمپ کا بیان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ جلد کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکی منظوری کے بغیر اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی اقدام نہیں کر سکتا۔
ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیروں سے ملاقات کی، جس میں ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں، معاشی دباؤ برقرار رکھنے اور جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی معاہدے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ دو امریکی حکام نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
ایگزیوس کے مطابق یہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے معاملے پر پہلا تبادلہ خیال تھا، جو صدر کو دی جانے والی ہفتہ وار انٹیلی جنس بریفنگ کے دوران ہوا۔
فاکس نیوز کے مطابق ان اجلاسوں میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں اور جنگ دوبارہ شروع کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کوئی فیصلہ ہوا یا کسی نئے آپریشن کی منظوری دی گئی۔
فاکس نیوز نے 9 نومبر کو مشرقِ وسطیٰ میں نئے چاند کا حوالہ بھی دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس رات اندھیرا زیادہ ہوگا، جسے بعض فوجی کارروائیوں کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اسے کسی ممکنہ حملے کی حتمی تاریخ یا منصوبے کی تصدیق نہیں سمجھا جا سکتا۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ غور کر رہے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کو دوبارہ بحال ہونے سے روکنے کے لیے مزید فوجی کارروائی ضروری ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم فیصلہ کریں گے کہ کیا ہم مزید حملے کرنا چاہتے ہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ممکن ہوا تو وہ باقی ملک یعنی ایران کو تباہ نہیں کرنا چاہیں گے، لیکن شاید انہیں ایسا کرنا پڑے، آپ کو جلد معلوم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو فیصلہ کرنا ہے کہ معاملے میں مزید آگے بڑھنا ہے یا اسے حتمی شکل دینی ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی انتخابات میں اتنی زیادہ دھاندلی ہوتی ہے کہ اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، تاہم اپنے دعوے کے حق میں کوئی مخصوص ثبوت پیش نہیں کیا۔ انہوں نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار کام کیا ہے۔
سفارتی رابطے
ایگزیوس کے مطابق اسی دوران ایران اور علاقائی ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں بھی تیزی آئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قطر، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر کے ثالثوں سے ٹیلی فونک رابطے کیے۔
رپورٹ کے مطابق قطری ثالث ایرانی حکام اور وائٹ ہاؤس کے ساتھ ایک مجوزہ معاہدے کے مسودے پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کا مقصد 2 روز کے اندر فریقین کے درمیان باہمی اقدامات کے ذریعے اعتماد بحال کرنا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق پہلے روز امریکا ایران کی بحری ناکہ بندی ختم کرے گا اور تہران کے منجمد اثاثوں میں سے کچھ رقم جاری کرے گا۔ اس کے بدلے ایران باضابطہ طور پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو ان جوہری تنصیبات کے معائنے کی دعوت دے گا جن پر بمباری کی گئی تھی۔ یہ اقدام ایک سال قبل قاہرہ میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق ہوگا۔
منصوبے کے دوسرے روز آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جائے گی، جس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات بحال ہوں گے۔ ان مذاکرات میں ایران کے پاس موجود اعلیٰ درجے تک افزودہ یورینیم کے ذخیرے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ تجویز ابھی سفارتی بات چیت کا حصہ ہے اور کسی فریق کی جانب سے مجوزہ شرائط قبول کیے جانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فوجی تیاریاں
ایگزیوس کے ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) ایران پر ممکنہ نئے حملوں کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے اسے تاحال کوئی نیا حکم موصول نہیں ہوا۔
ممکنہ فوجی کارروائیوں میں اضافے کی وجہ مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے تیسرے طیارہ بردار جنگی بحری بیڑے کی آمد ہو سکتی ہے۔ امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ اور اس کا جنگی بیڑہ ابھی سنگاپور میں چند روز قیام کرے گا، اور نومبر کے وسط سے پہلے سینٹ کام کے زیر انتظام علاقے میں نہیں پہنچے گا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مختصر اور شدید حملوں کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ صدر ٹرمپ کی منظوری ملنے پر کارروائی کا امکان ہے، جس میں خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر تعینات ہزاروں اہلکار اور خطے میں موجود 12 سے زائد جنگی بحری جہاز حصہ لے سکتے ہیں۔
ایران کے توانائی، جوہری، میزائل اور ڈرون انفرااسٹرکچر کو ممکنہ اہداف میں شامل کیا گیا ہے۔











