امریکا اور ایران میں معاہدہ مشکل، متحدہ عرب امارات کے مشیر انور قرقاش کی پیش گوئی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم کے سینیئر مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ خطے کو طویل مدت تک عدم استحکام، غیر یقینی صورتحال اور غیر واضح سیاسی و سکیورٹی ماحول کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ابوظہبی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک طویل غیر یقینی کے دور کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا، ایک ایسا دور جس میں نہ کسی حتمی حل کی ضمانت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی مستحکم علاقائی نظام کے قیام کے بارے میں یقین سے کچھ کہا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ابتدا ہی سے ایران پر امریکی حملے کی مخالفت کی تھی۔
قرقاش نے پیش گوئی کی کہ آٹھ ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان کسی سیاسی معاہدے تک پہنچنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
اماراتی عہدیدار کے مطابق ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے نتائج طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں، جس کے باعث متحدہ عرب امارات کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری، قابلِ اعتماد بازدار قوت برقرار رکھنے اور بین الاقوامی سکیورٹی شراکت داروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہوگی۔











