بلیدہ: گورنمنٹ ڈگری کالج میں سائنس نمائش، طلبہ کے تخلیقی ماڈلز پیش
تربت (بلیدہ): گورنمنٹ شہید ایوب بلیدی ڈگری کالج بلیدہ میں سائنس نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
نمائش کا مقصد طلبہ میں سائنسی رجحان کو فروغ دینے اور انہیں جدید سائنسی علوم سے روشناس کرانے کے لیے ایک مؤثر تعلیمی ماحول فراہم کرنا تھا۔
نمائش کے دوران کالج کے طلبہ نے مختلف سائنسی منصوبے، تخلیقی ماڈلز اور جدید سائنسی تصورات پر مبنی اپنے تیار کردہ پراجیکٹس پیش کیے۔ طلبہ نے اپنے منصوبوں کے ذریعے سائنسی اصولوں اور عملی تجربات کو اجاگر کیا، جن میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نمائش کا دورہ کرنے والے طلبہ اور اساتذہ نے مختلف سائنسی ماڈلز کا مشاہدہ کیا اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
طلبہ کی جانب سے پیش کردہ تخلیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں کو تعلیمی و تحقیقی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
کالج انتظامیہ کے مطابق سائنس نمائش کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلبہ میں سائنسی شعور، تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔
کالج انتظامیہ نے نمائش میں شرکت کرنے والے مختلف اسکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کی آمد کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کی علمی، سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی تعلیمی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔











