کوئٹہ: گورنر بلوچستان سے جمعیت علماء اسلام (س) کے وفد کی ملاقات، امن و استحکام پر تبادلہ خیال

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی امیر مولانا عبدالحق ثانی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے ملاقات کی۔
وفد میں مولانا خزیمہ، جمعیت علماء اسلام (س) کے صوبائی امیر مفتی عبدالواحد بازئی اور مولانا فیض الحق حقانی بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، صوبے میں امن و استحکام، ترقی اور معاشرتی اصلاح کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر بلوچستان نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ سیاست کا ایک بنیادی اصول ہے کہ اس میں کوئی خلا باقی نہیں رہتا۔ اہلِ سیاست کی اصل دانشمندی یہ ہے کہ کسی بھی خلا کو محض پر کرنے کے بجائے اسے پہلے سے بہتر، مؤثر اور تعمیری انداز میں پر کیا جائے تاکہ اصلاح، فلاح اور اجتماعی ترقی کی نئی راہیں متعین کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے علماء کرام کا عوام دوست اور تعمیری کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
علماء کرام معاشرے میں وسیع سماجی اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ وہ مذہبی و اخلاقی رہنمائی کے ساتھ ساتھ عوام میں رواداری، اختلافِ رائے کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں بھی بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔











