آئینی ترمیم 15 جنوری سے پہلے لانے کا امکان، فواد چوہدری کا دعویٰ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم کا معاملہ 15 جنوری سے آگے نہیں جائے گا اور اس سے پہلے ہی اس حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے، جس کے ذریعے حاصل ہونے والی عوامی منظوری کو آئینی ترمیم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق جن لوگوں سے ان کی بات ہوئی ہے، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ترمیم 15 جنوری سے پہلے ہی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا کے دو قانونی گروپس کام کر رہے ہیں، ایک فروغ نسیم اور دوسرا سابق اٹارنی جنرل منصور اعوان کا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے۔ ان کے بقول ریفرنڈم سے حاصل ہونے والی منظوری اسمبلی کو آئینی ترمیم کی طرف لانے میں مدد دے سکتی ہے، بصورت دیگر یہ معاملہ وفاقی آئینی عدالت ایف سی سی میں بھی لے جایا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری کے خیال میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں فی الحال اس اقدام کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی کا مؤقف مسلم لیگ ن کے خلاف جارحانہ دکھائی دیتا ہے، تاہم مسلم لیگ ن کا رویہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اپنا مؤقف پیش کرتی رہے لیکن وہ اس کے پیچھے کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہوگا کہ آیا مجوزہ آئینی اقدام بھی کینال کے منصوبے کی طرح روک دیا جاتا ہے یا نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سے متعلق افواہوں پر سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز ایک بہت مضبوط خاتون ہیں، انہوں نے اپنے والد کی لڑائی بھی لڑی ہے، ان کو کریڈٹ جاتا ہے۔
انہوں نے چوہدری سالک حسین سے متعلق جو جارحانہ رویہ اختیار کیا ہے، اس کے پیچھے صرف یہی معاملہ تو نہیں۔ مریم نواز نے حالیہ بیانات میں واضح کیا ہے کہ ان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، جو سرمایہ داروں کا ایک گروپ کر رہا ہے اور وہ اس کے خلاف کھڑی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ شریف خاندان اس معاملے پر کس طرح قابو پاتا ہے، لیکن پنجاب کی حد تک یہ بات طے ہے کہ وہاں میلہ سج گیا ہے۔











