نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس، عملے کی غیر حاضری پر سخت موقف

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی سمیت محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی اپنی جائے تعیناتی پر حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی کارکردگی اور صحت کے شعبے کو درپیش دیگر مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع بھر میں صحت کی سہولیات کی مجموعی صورتحال، عملے کی دستیابی اور درپیش انتظامی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
عملے کی حاضری پر سخت موقف
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بروقت طبی امداد، بہتر علاج معالجے اور ضروری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت سے وابستہ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی جائے تعیناتی پر موجودگی یقینی بنائیں اور قومی جذبے، فرض شناسی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کے سلسلے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کی غیر حاضری اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ جو ملازمین ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ان کی تنخواہوں سے قانون و ضابطے کے مطابق کٹوتی کے ساتھ ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور عملے کی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کر کے ان کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











