گوادر: جیونی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پہلی کامیاب نارمل ڈیلیوری

گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن اور حکومتِ بلوچستان کی صحتِ عامہ سے متعلق پالیسی کے تحت دور دراز علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے مراکز کو فعال بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ضلع گوادر کی تحصیل جیونی کے شیخ راشد بن محمد بن راشد المکتوم تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں پہلی مرتبہ کامیاب نارمل ڈیلیوری کا عمل مکمل کر لیا گیا، جسے علاقے میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ہسپتال کی ٹیم کی کارکردگی
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ادریس بلوچ کے مطابق کامیاب نارمل ڈیلیوری میں لیڈی ہیلتھ وزیٹر (ایل ایچ وی) اور ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے ہسپتال کے عملے اور ایل ایچ وی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ طبی عملے کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث مقامی سطح پر عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے۔
علاقے کے عوام کو سہولیات
واضح رہے کہ ہسپتال کو فعال بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی کاوشوں اور ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر کی مسلسل نگرانی و محنت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ہسپتال کی فعالیت میں بہتری آ رہی ہے اور اہلِ علاقہ کو علاج معالجے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے کے بجائے اپنے علاقے میں طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔
جیونی میں پہلی کامیاب نارمل ڈیلیوری نہ صرف مقامی طبی نظام کی بہتری کی عکاس ہے بلکہ اس سے علاقے میں زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو مزید مستحکم کرنے کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











