15 نومبر کو کوئٹہ میں بدامنی اور مہنگائی کے خلاف جلسہ عام ہوگا

کوئٹہ (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی کوئٹہ مولانا حافظ نور علی نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو کوئٹہ میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں بدامنی اور مہنگائی کے خلاف اور امن کے قیام کے لیے تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا۔ اس جلسے سے مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔
انہوں نے کوئٹہ کے شہریوں اور عوام کو جلسہ عام میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی اور زونل ذمہ داران جلسے کی کامیابی کے لیے منصوبہ بندی کریں اور گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں۔ یہ خیالات انہوں نے کوئٹہ کے مختلف زونز کے دوروں کے دوران کارنر میٹنگز، اجلاسوں اور تقریبات سے خطاب میں ظاہر کیے۔
حافظ نور علی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں، جان و مال غیر محفوظ ہیں اور تجارت، روزگار، کاروبار، شاہراہیں اور بارڈرز بندشوں کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی ناپید ہیں، جس کے باعث عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ ان حالات میں جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان میں نکلی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کی بھتہ خوری، لیوی، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی قوت اور تائید سے یہ تحریک کامیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے وسائل پر حق دینا، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور شہریوں کو امن و تحفظ دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
حافظ نور علی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی آواز بن کر ہر فورم پر ان کے جائز حقوق کے حصول اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو متحرک اور فعال رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں، علمائے کرام، سول سوسائٹی سمیت ہر طبقہ فکر سے رابطہ کرکے انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی جائے۔











