نوجوان طالبات جدید تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں پر توجہ دیں: ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان، بالخصوص طالبات، جدید تعلیم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور فنی مہارتوں کے حصول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر کے معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی الخدمت بنو قابل پروگرام کے گوادر سینٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس دوران انہوں نے زیرِ تربیت طالبات سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر کیمپس ایڈمن حماد رحیم نے تجویز پیش کی کہ بنو قابل پروگرام کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے گوادر کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی اسکیم متعارف کرائی جائے۔ ان کے مطابق اس سے نوجوان اپنی ڈیجیٹل مہارتوں کو عملی میدان میں استعمال کرتے ہوئے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔
حماد رحیم نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی سرپرستی میں ملک بھر کے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اقدام قابلِ تحسین ہے۔ ان کے بقول اسی طرز پر گوادر اور بلوچستان بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بنو قابل پروگرام کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے، انہیں ترقی، روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔











