رکھنی: کمشنر مجیب الرحمٰن قمبرانی کی صدارت میں ترقیاتی پیکج اور ہسپتال کا اجلاس

رکھنی: 6 نومبر 2026 کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن مجیب الرحمٰن قمبرانی کی زیرِ صدارت رکھنی ڈویلپمنٹ پیکج اور 50 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالباسط بزدار، پراجیکٹ ڈائریکٹر احتشام الحق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کمشنر کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور 50 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر سے متعلق پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
رکھنی ڈویلپمنٹ پیکج میں ڈویڑنل سیکریٹریٹ، سڑکوں اور بائی پاس کی بہتری، سیوریج و صفائی کا نظام، ماڈل بازار، محفوظ شہر منصوبہ، بس و ٹرک ٹرمینل، پارک، کھیلوں کا مرکز، لینڈفل سائٹ اور میونسپل سہولیات کی بہتری سمیت عوامی فلاح کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔
کمشنر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے، تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 50 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر سے رکھنی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں علاج کے لیے دور دراز شہروں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











