گلگت بلتستان کے قومی دن پر وزیراعظم کا عوام کو مبارکباد کا پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر خطے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یکم نومبر 1947 گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک درخشاں اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جب ڈوگرہ راج کا خاتمہ ہوا اور خطے کا پاکستان سے الحاق عمل میں آیا۔
انہوں نے آزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والے رہنماؤں، مجاہدین، غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کی آزادی میں خطے کے رہنماؤں اور غیور عوام نے غیر معمولی عزم، جرأت اور قربانیوں کا مظاہرہ کیا۔ نسل در نسل اس علاقے کے عوام کی پاکستان سے والہانہ وابستگی قومی فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث پاکستان کے قومی منظرنامے میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔ علاقائی تجارت اور بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظر میں اس خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔ اسی مقصد کے تحت توانائی، تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
توانائی کے منصوبے
وزیراعظم کے مطابق گلگت بلتستان میں 16 میگاواٹ استعداد کا نلتر ہائیڈرو پاور منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، جو علاقے کے توانائی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ عوام کو سستی اور قابلِ رسائی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر 58 میگاواٹ استعداد کے سولر پینلز عوام میں مفت تقسیم کرنے کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا شفاف طریقہ اختیار کیا گیا، جس کے تحت اب تک تقریباً ایک لاکھ سولر پینل بلا معاوضہ فراہم کیے جا چکے ہیں۔
تعلیم، سرمایہ کاری اور امن و امان
تعلیم کے شعبے میں سلطان آباد، بونجی، گھانچے اور سکردو میں چار دانش اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جن پر مجموعی طور پر 12 ارب 46 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ان اداروں میں کم مالی استطاعت رکھنے والے باصلاحیت بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم کے ساتھ بہترین رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں اب تک 4 ہزار 245 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ کروم بکس کی تقسیم کے پروگرام میں بھی علاقے کے طلبہ کو ملک کے دیگر حصوں کے طلبہ کی طرح شامل کیا گیا ہے۔
سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مقپون داس کو خصوصی اقتصادی زون قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ 250 ایکڑ رقبے پر مشتمل اس زون میں 155 صنعتی اور کاروباری اداروں کے قیام سے تقریباً 5 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گلگت بلتستان سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا جا چکا ہے، جبکہ سکردو میں بھی سیف سٹی منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو معاشی مشکلات سے نکالنے اور ادارہ جاتی و انتظامی اصلاحات کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ وہاں عوامی سہولیات اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں معیاری اور یکساں تعلیم، صحت کی سہولیات اور روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ قومی مقصد کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔











