گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیاں ہماری مشترکہ تاریخ کا حصہ ہیں: صدر زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی جرات، قربانیاں اور پاکستان سے الحاق کا فیصلہ ہماری مشترکہ تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس خطے کے عوام کو بہتر سڑکوں، اسکولوں، صحت کی سہولیات، توانائی اور روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔
صدر مملکت نے گلگت بلتستان کے 79ویں یوم آزادی پر پیغام میں علاقے کے عوام کو مبارکباد دی اور ڈوگرہ راج کے خلاف تاریخی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ 79 سال قبل گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج کا خاتمہ کر کے آزادی کا اعلان کیا اور اس کے بعد قائداعظم محمد علی جناح کو پاکستان سے الحاق کے لیے خط ارسال کیا۔
اصلاحات کا سفر
صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں گلگت بلتستان میں اصلاحات کا آغاز کیا، جس کے تحت ایف سی آر اور جاگیرداری نظام ختم کیا گیا اور انتظامی و عدالتی ڈھانچے میں تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں۔ 1974 میں ہنزہ اور نگر سمیت دیگر ریاستوں کو ختم کر کے انتظامی نظام کو مزید مربوط بنایا گیا۔
بعد ازاں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1994 کے لیگل فریم ورک آرڈر کے ذریعے اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا، جبکہ 2009 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں گلگت بلتستان کو بااختیار بنانے اور خود حکمرانی کا آرڈر متعارف کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ براہ راست سرحد، قدرتی وسائل اور تزویراتی محلِ وقوع کے باعث گلگت بلتستان غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ عام خاندانوں کی ترقی کے لیے معیاری اسکولوں، اسپتالوں، نوجوانوں کے لیے روزگار اور کسانوں و چھوٹے کاروباروں کے لیے منڈیوں تک رسائی ضروری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خطے کے پہاڑ، گلیشیئرز، دریا اور ثقافتی ورثہ قومی اثاثہ ہیں، سیاحت کے فروغ کے ساتھ قدرتی ماحول کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔











