پشاور ہائیکورٹ نے 3 ایم پی او میں گرفتار پی ٹی آئی کے 23 کارکنوں کی رہائی کا حکم دے دیا

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے مزید 23 کارکنوں کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اکبر شیر، شہزاد، رضااللہ، ثاقب، احسان اللہ، مومن خان سمیت 23 درخواست گزاروں کی رٹ پٹیشن پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلا یاسر خٹک اور اظہر رحیم خان کے ساتھ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ثنااللہ اور متعلقہ افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر مردان کو نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ بتائیں ان افراد کو کیوں اور کن حالات میں جیل بھیجا گیا، تاہم فریقین کی جانب سے تاحال رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔
بینچ نے قرار دیا کہ رپورٹ نہ ملنے کے باعث موجودہ ریکارڈ دیکھ کر ریلیف دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہتا۔ عدالت کے مطابق اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے مقدمے میں درخواست گزاروں کو ریلیف دیا جا چکا ہے۔
عدالت نے ہر درخواست گزار کو ایک لاکھ روپے کے دو نفری مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ مقدمہ میرٹ پر زیرسماعت رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ اور ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔











