پشین: کمشنر قائم لاشاری کا ووشو کنگفو تقریب میں نوجوانوں کی سرپرستی پر زور
پشین: کمشنر پشین ڈویڑن قائم لاشاری نے کہا ہے کہ پشین تاریخی اور باصلاحیت افراد کی سرزمین ہے، یہاں کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب مواقع، معیاری تربیت اور سرپرستی فراہم کی جائے۔ نوجوان اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر پشین کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، پشین ان کا گھر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی ینگ پشین ووشو کنگفو انٹرنیشنل اکیڈمی کے زیرِ اہتمام کھیلوں کے فروغ اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نوجوانوں کے لیے مواقع اور سرپرستی
کمشنر قائم لاشاری نے کہا کہ پشین ایک تاریخی شہر ہے جس نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نامور شخصیات اور نمایاں کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے اور ملک کا نام روشن کریں۔
نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے مناسب پلیٹ فارم، معیاری تربیت، مواقع اور سرپرستی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت اور ذہنی نشوونما میں معاون ہوتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت اور مثبت سوچ بھی پیدا کرتے ہیں۔
کمشنر قائم لاشاری نے بتایا کہ جب وہ ڈپٹی کمشنر پشین تعینات تھے تو ڈی سی ینگ پشین ووشو کنگفو اکیڈمی کے قیام اور اسے فعال بنانے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کی تربیت، جسمانی فٹنس اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ووشو اور کنگفو جیسے چینی مارشل آرٹس خود دفاع، جسمانی پھرتی، نظم و ضبط اور خود اعتمادی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو منشیات اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، جو اپنی محنت، صلاحیتوں اور مثبت کردار کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے پشین کو اپنا گھر قرار دیتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کی سرپرستی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
میڈلز کی تقسیم اور اکیڈمی کی کارکردگی
اس موقع پر کمشنر پشین ڈویڑن قائم لاشاری نے 26ویں نیشنل ووشو کنگفو چیمپئن شپ 2026ء، فیصل آباد، پنجاب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی ینگ پشین ووشو کنگفو انٹرنیشنل اکیڈمی کے صدر ملک محب ترین نے کمشنر قائم لاشاری کی کھیلوں سے وابستگی اور نوجوانوں کی سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اکیڈمی کے قیام کے ابتدائی مراحل سے ہی اس کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کے مطابق کمشنر قائم لاشاری نے کمشنر کا منصب سنبھالنے کے بعد بھی اکیڈمی کا دورہ کیا، کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی کامیابیوں پر انعامات تقسیم کر کے حوصلہ افزائی کی۔
ملک محب ترین نے کہا کہ قائم لاشاری ضلع پشین کے لیے ایک مسیحا کی حیثیت رکھتے ہیں، جو محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی سے مقامی کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا حوصلہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے انتظامی سرپرستی اور متعلقہ اداروں کا تعاون نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تقریب سے بلوچستان ووشو ایسوسی ایشن کے صدر محمد افضل سلیری، چیئرمین اسحاق علی ہزارہ، کوئٹہ ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری کلیم اللہ خان کاکڑ، بلوچستان ووشو ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر داؤد خان کاکڑ اور پشین ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری سید کریم آغا نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے ووشو کنگفو سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں صوبائی و قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے ہوگئے۔ بعد ازاں کیک کاٹا گیا اور شرکاء نے خوشگوار ماحول میں تقریب میں شرکت کی۔











