دلجیت دوسانجھ پر تنقید کرنے والے ابھیجیت ڈپکے کی عوامی معذرت

ممبئی: بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ پر طلبہ کے احتجاج کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کرنے والے بھارتی سیاسی رہنما ابھیجیت ڈپکے نے ان سے عوامی سطح پر معذرت کر لی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت دوبارہ زیرِ بحث آیا جب دلجیت دوسانجھ نے جمعے کی شام نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران تنقید کا جواب دیا۔
گلوکار نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کسی کو پنجابیوں کو لڑنا نہیں سکھانا چاہیے۔ انہوں نے اپنی فلم ستلج کا اسٹیج پر مذاق اڑائے جانے پر بھی اعتراض کیا۔
دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ وہ ایک فنکار ہیں اور سب سے محبت کرتے ہیں، اگر وہ خاموش ہیں تو انہیں خاموش رہنے دیا جائے۔ ان کے مطابق وہ سب کی حمایت کرتے ہیں، تاہم کسی کو پنجابیوں کو لڑنا سکھانے کی ضرورت نہیں۔
گلوکار کے بیان کے بعد ابھیجیت ڈپکے نے انسٹاگرام پر معذرت کرتے ہوئے انہیں اپنا چھوٹا بھائی قرار دیا۔











