صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام
کوئٹہ: صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل ہو کر کشمیری عوام کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کی۔ یہ دن کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے اور آزادی کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکا۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ان کی جدوجہد اور حقِ خودارادیت سے وابستگی کا واضح ثبوت ہیں۔
صوبائی مشیر ماحولیات نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
نسیم الرحمان خان ملاخیل نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رہے گی اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔











