گوادر: ملازمین کے شناختی کارڈ نمبرز کی درستگی، کیسز 31 دسمبر 2026 تک جمع کروانے کی ہدایت
گوادر: ضلعی اکاؤنٹس آفیسر سوبان بلوچ نے ضلع کے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری ملازمین کے قومی شناختی کارڈ نمبرز کی ایس اے پی (SAP) سسٹم میں درستگی کے لیے مکمل کیسز 31 دسمبر 2026 تک ضلعی اکاؤنٹس آفس میں جمع کروائیں۔
محکمہ خزانہ حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق متعلقہ کیسز کے ساتھ ڈی ڈی او کے دستخط شدہ اصل چینج فارم، شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقول، نادرا ویری سِس رپورٹ اور ڈی ڈی او کا تصدیقی سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی ہوگا۔
ضلعی اکاؤنٹس آفیسر کے مطابق اگر کوئی شناختی کارڈ نمبر پہلے ہی کسی دوسرے حاضر سروس یا سابق ملازم کے نام پر درج پایا گیا تو متعلقہ کیس مزید کارروائی کے لیے محکمہ خزانہ حکومتِ بلوچستان کو ارسال کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا کہ مقررہ مدت میں مکمل اور درست دستاویزات جمع کروائیں تاکہ سرکاری ریکارڈ کی درستگی اور مالیاتی امور میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔











