پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ مسرت

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہارِ مسرت کیا ہے۔ انہوں نے اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے موثر کردار کے اعتراف کا اہم سفارتی سنگ میل قرار دیا۔
ان کے مطابق اس سے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے موثر کردار اور آواز کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارت خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، موثر سفارتکاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کے موثر کردار اور ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی قیادت میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق جی 24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے منصفانہ مالی معاونت اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع کے فروغ کے حوالے سے موثر کردار ادا کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔











