دکی: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، اساتذہ کی حاضری کی سخت نگرانی اور اسکولوں کے اچانک معائنے تیز کرنے کا فیصلہ

دکی: ضلع دکی میں تعلیمی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید امیر شاہ بخاری، محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران، مانیٹرنگ اسٹاف اور دیگر ذمہ دار حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اساتذہ کی حاضری، فیلڈ وزٹس کی رپورٹس، اسکولوں کی کارکردگی، ضلع کے تعلیمی منصوبے، جاری ترقیاتی اقدامات اور تعلیمی اہداف پر پیش رفت سے متعلق امور پر غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کے فروغ، طلبہ کی حاضری میں اضافے، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، امتحانی نتائج میں بہتری اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ شرکا نے زور دیا کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایت
اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم حریفال نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے، اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری پر سخت نظر رکھی جائے، غیر حاضر اور غفلت کے مرتکب ملازمین کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ بند یا غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حکومت بلوچستان کی تعلیمی اصلاحات، اسکول انرولمنٹ مہم، بچوں کے اسکولوں میں داخلے، بچیوں کی تعلیم کے فروغ اور معیاری تدریس سے متعلق جاری پروگراموں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع دکی کے ہر بچے کو بہتر، محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کے اچانک معائنوں (Surprise Visits) کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا، ناقص کارکردگی والے اداروں کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور اسکولوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مناسب اقدامات بھی تجویز کیے جائیں گے۔
شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع دکی میں تعلیمی شعبے کی بہتری، طلبہ کے روشن مستقبل اور حکومتی تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تعلیمی اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











