ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
کوئٹہ: ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ نے شہر کے مختلف علاقوں کلی شابو، ہدہ منوجان روڈ اور سرینا چوک کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیٹیشن اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران و عملہ بھی موجود تھا۔
دورے کے دوران ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے روڈز پر موجود مختلف کچرہ پوائنٹس، سیوریج لائنوں اور چھوٹے بڑے نالوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا سخت نوٹس لیا۔
شہریوں کے مسائل
انہوں نے موقع پر موجود شہریوں اور علاقہ مکینوں کے مسائل براہ راست ان کی دہلیز پر سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
بشیر احمد بڑیچ نے سرینا چوک پر بند سیوریج لائن اور ہدہ منوجان روڈ پر نکاسی آب کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مرمتی اور صفائی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے فوری دورے اور مسائل کے حل کے احکامات جاری کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔











