نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل کا کیسکو بھرتی انٹرویو سینٹر کا دورہ

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ایس ایس پی نصیرآباد کے ہمراہ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی واپڈا میں جاری بھرتیوں کے سلسلے میں امیدواروں کے انٹرویوز کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ انٹرویو سینٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر منظور شیرازی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی کی نگرانی میں جاری انٹرویوز کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے تقاضوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے امیدواروں کے لیے بیٹھنے کی سہولیات، نظم و ضبط، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ بھی حاصل کی۔
مجموعی انتظامات پر اطمینان
ڈپٹی کمشنر نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی ونگ 114، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کی جانب سے سیکیورٹی اور انتظامی امور احسن انداز میں انجام دینے پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری بھرتیوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ تمام امیدواروں کو بلاامتیاز یکساں مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ امیدواروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، نظم و ضبط برقرار رکھا جائے اور کسی بھی امیدوار کو انتظامی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
امیدواروں کا اطمینان
دریں اثناء انٹرویوز میں شریک امیدواروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے بہترین انتظامات، مؤثر سیکیورٹی، نظم و ضبط اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وریندر لعل اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
امیدواروں کا کہنا تھا کہ منظم اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے باعث انہیں انٹرویو کے عمل کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











