اسلام آباد: لوک میلہ 2026ء میں بلوچستان پویلین، ثقافت و دستکاری کی نمائش
اسلام آباد: لوک ورثہ میں سالانہ لوک میلہ 2026ء کا آغاز آج 27 نومبر سے ہو گیا ہے، جو 6 دسمبر 2026ء تک جاری رہے گا۔ اس قومی ثقافتی میلے میں نظامتِ ثقافت، حکومتِ بلوچستان کی جانب سے بلوچستان پویلین قائم کیا گیا ہے، جہاں صوبے کی منفرد تہذیبی شناخت، ثقافتی روایات، روایتی دستکاری اور علاقائی فنون کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بکٹی کے وژن کے مطابق یہ اقدام صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، فروغ اور قومی سطح پر مؤثر تعارف کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔
ثقافتی نمائش اور اعتراف
صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت و آرکائیوز نوابزادہ میر ذرین خان مگسی اور سیکرٹری ثقافت و سیاحت و آرکائیوز بلوچستان حمید اللہ ناصر کی رہنمائی میں نظامتِ ثقافت بلوچستان کے ثقافتی تشخص اور مقامی ہنرمندوں کے فن کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
بلوچستان پویلین میں صوبے کے روایتی فنون، دستکاری، ثقافتی روایات اور مقامی ہنرمندوں کے فن پاروں کی نمائش کی جا رہی ہے، جس کا مقصد بلوچستان کی ثقافتی خوبصورتی کو ملک بھر کے عوام اور مختلف ثقافتی حلقوں سے متعارف کرانا ہے۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر بلوچستان کی معروف دستکار سکینہ بی بی کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں روایتی چادر پیش کی گئی۔ یہ اقدام بلوچستان کی روایتی دستکاری اور خواتین ہنرمندوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک خوبصورت مثال ہے۔
لوک میلہ ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں کی ثقافتوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ بلوچستان کی اس میں شرکت بین الصوبائی ثقافتی روابط کے فروغ، مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی اور صوبے کے ثقافتی تشخص کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔











