قلات: ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی صدارت میں پولیو مہم کا اہم اجلاس

قلات: 27 نومبر کو ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، ایم ایس ڈاکٹر سومار خان، ڈی ایم پی پی ایچ آئی ذین العابدین، ڈی ایس پی قلات شکیل عمرانی سمیت محکمہ صحت قلات اور دیگر تمام محکموں کے سربراہان اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آنے والی پولیو مہم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
مہم کی تفصیلات
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم 12 دسمبر 2026 سے شروع ہو کر 15 دسمبر 2026 تک چار روز جاری رہے گی۔
ضلع قلات کی دو تحصیلوں کی 19 یونین کونسلز میں 40269 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع قلات کی تمام یونین کونسلز میں پولیو ٹیمیں پیدائش سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔
شعور اجاگر کرنے پر زور
ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے، اس سے بچوں کو بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلانا بہت ضروری ہے۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بچوں کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔
پولیو سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے ہم سب کو مل کر پولیو جیسے مرض کے خلاف لڑنا ہوگا، جس کے لیے لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ علاقے کے خطیب، علمائے کرام، صحافی برادری، شعراء اور ادباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیو سے متعلق لوگوں میں شعور اجاگر کریں۔
پولیو مہم کو سنجیدگی سے انجام دینے کے لیے مانیٹرنگ ٹیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھرپور کردار ادا کریں تاکہ کوئی بچہ قطرہ پلائے بغیر نہ رہ جائے۔ پولیو مہم کو منظم انداز میں کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











