بجلی صارفین کو بچانے کے لیے اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے بجلی صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی بوجھ سے بچانے کے لیے اکتوبر سے دسمبر تک سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاور ڈویژن نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ حکومت نے تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز دی ہے۔ اکتوبر تا دسمبر فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے۔ تین ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ سے بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی سے تحفظ ملے گا۔
بجلی ٹیرف میں کمی
حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے تھا۔ مارچ 2026 تک بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 8 روپے 76 پیسے کم کیا گیا، جس کے بعد یہ 53 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 28 پیسے ہو گیا۔
صنعتی بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 50 پیسے پر آ گیا۔ مارچ 2024 سے مارچ 2026 تک صنعتی بجلی ٹیرف میں 18 روپے 49 پیسے کمی کی گئی۔
ایندھن کی عالمی قیمتیں
ایران امریکہ جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم اپریل سے ستمبر 2026 تک صارفین کو فی یونٹ چھ سے سات روپے اضافی بوجھ سے بچایا گیا۔
پاور ڈویژن نے فیول ایڈجسٹمنٹ کا نیا فارورڈ لکنگ میکنزم تجویز کیا ہے۔ منظوری کے بعد پاور ڈویژن نیپرا کو نئے میکنزم پر پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرے گا۔











