بجلی فی یونٹ 2.88 روپے مہنگی کرنے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت

اسلام آباد: ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
نیپرا میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2.88 روپے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سی پی پی اے نے اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرا رکھی ہے۔
سی پی پی اے نے کہا کہ اکتوبر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل سے پیداواری لاگت 69 روپے 59 پیسے رہی، فرنس آئل سے گزشتہ ماہ بجلی کی پیداواری لاگت 46 روپے 43 پیسے رہی، جبکہ اکتوبر میں ایل این جی سے بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 28 روپے 74 پیسے رہی۔
حکام کے مطابق نومبر میں ہائیڈل بجلی کی پیداوار کا حصہ 30.7 فیصد سے کم ہو کر 26.2 فیصد رہ گیا، جبکہ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 14.8 فیصد سے کم ہو کر 12.7 فیصد رہا۔ درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 11.4 فیصد سے بڑھ کر 14.6 فیصد ہو گیا۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں 140.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 8.3 فیصد سے بڑھ کر 10.1 فیصد ہو گیا، جبکہ آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں 47.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ نیوکلیئر بجلی کی پیداوار کا حصہ 16.8 فیصد سے بڑھ کر 19.5 فیصد ہو گیا۔
ونڈ پاور سے بجلی کی پیداوار میں 80.5 فیصد اور سولر بجلی کی پیداوار میں 74.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایرانی بجلی کی درآمد کا حصہ 0.4 فیصد سے بڑھ کر 0.5 فیصد ہو گیا۔
اکتوبر 2026 میں مجموعی بجلی کی پیداوار 10.66 ارب کلو واٹ آور رہی، جبکہ نومبر میں یہ 10.74 ارب کلو واٹ آور ریکارڈ کی گئی۔ بجلی کی مجموعی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔











