ایل پی جی کی قیمت میں 50 سے 80 روپے فی کلوگرام کمی، سپلائی بہتر

ایل پی جی استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے۔ ملک بھر میں سپلائی بہتر ہونے کے بعد قیمت میں 50 سے 80 روپے فی کلوگرام تک کمی ہو گئی ہے۔
مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت 550 روپے سے کم ہو کر 480 سے 500 روپے فی کلوگرام تک آ گئی ہے، تاہم یہ قیمت اب بھی سرکاری نرخ سے 150 سے 200 روپے زیادہ ہے۔
وزارت پٹرولیم کی جانب سے 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے اور تفتان بارڈر پر رکے ہوئے سیکڑوں ایل پی جی بازرز کی کلیئرنس کے بعد لاہور سمیت ملک بھر میں سپلائی بہتر ہوئی ہے۔ مزید سیکڑوں بازرز بھی کلیئر ہو کر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما رانا عبدالجبار کے مطابق وزارت پٹرولیم نے بروقت ایل پی جی درآمد کی اور تفتان بارڈر پر رکے بازرز کی محفوظ ترسیل یقینی بنائی، جس کے باعث ملک میں ایل پی جی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی بہتر ہونے کے باعث کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کی ہے اور عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔ حالات مزید بہتر ہونے پر قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔











