غزہ میں سردیوں کی پہلی بارش، 70 ہزار خیمے زیرِ آب، ابتدائی نقصان تقریباً 3 ملین ڈالر

غزہ: سردیوں کے پہلے طوفان کے بعد 12 گھنٹوں میں بے گھر فلسطینیوں کے تقریباً 70 ہزار خیمے زیرِ آب آ گئے۔ غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے ہفتے کو جاری بیان میں بتایا کہ ابتدائی نقصان کا اندازہ تقریباً 3 ملین ڈالر ہے۔
دفتر کے مطابق درجنوں دیواریں گر گئیں اور لوگ زخمی ہوئے، جبکہ دراڑیں پڑی عمارتوں کے گرنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ دفتر نے اسرائیل کو اس صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ گزرگاہوں کی بندش اور پناہ گاہوں و تعمیرِ نو کا سامان روکنے سے یہ آفت پیدا ہوئی۔ اس نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کے اداروں سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔
غزہ کی civil defence کے مطابق بارش شروع ہونے کے 10 گھنٹوں میں عملے کو تقریباً 1500 امدادی کالیں موصول ہوئیں۔ کئی پناہ گاہوں میں پانی کی سطح 30 سے 40 سینٹی میٹر بلند ہو گئی۔ ترجمان محمود بصل نے کہا کہ کچھ پناہ مراکز مکمل طور پر ڈوب گئے اور وہاں موجود لوگوں کو باہر نکلنا پڑا۔ ان کے بقول قبل از وقت پیدا ہونے والے بچے، بزرگ اور بیمار سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔
وسطی علاقے نصیرات میں جزوی طور پر گرنے والی ایک عمارت کے مکینوں کو نکالا گیا۔ فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق شمالی غزہ میں ایک عمارت کی دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
civil defence کے سربراہ رائد الدحشان نے کہا کہ ان کے پاس ایک بھی ترپال یا خیمہ نہیں، ادارہ صرف جانیں بچانے کا کام کر رہا ہے۔ غزہ کی ہنگامی کمیٹی کے مطابق دس لاکھ سے زائد بے گھر افراد کو سخت سردی کا سامنا ہے اور تقریباً دو لاکھ خیموں کے ساتھ حرارت کا سامان درکار ہے۔ امدادی تنظیمیں شیلٹر سامان کی آمد پر اسرائیلی پابندیوں کو ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔
الشفا میڈیکل کمپلیکس کے سربراہ محمد ابو سلمیہ کے مطابق ہسپتال کا ایمرجنسی شعبہ پانی بھرنے سے تقریباً چار گھنٹے بند رہا۔ انہوں نے خیموں میں گندے پانی کے باعث معدے، سانس اور جلد کے انفیکشن بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا۔











