بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، وزیراعظم سے ملاقات پر غور

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں زرداری ہاؤس میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی معاملات اور اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات بھی زیرِ بحث آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف سے متوقع ملاقات کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ اس ملاقات میں زیرِ بحث آنے والے معاملات اور پارٹی کے مؤقف سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس جائیں گے، جہاں وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے۔











