وزیراعلیٰ بگٹی کا میناز، بولیدہ کارروائی پر اطمینان، ایک دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
ان کے مطابق میناز، بولیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔
دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مستعدی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی کارروائیاں امن دشمن عناصر کے عزائم کی راہ میں مؤثر رکاوٹ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔
ان کے بقول بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاست کا عزم غیر متزلزل رہے گا۔











