ہرنائی میں انسدادِ پولیو کی سہ روزہ قومی مہم کا آغاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کیا

ہرنائی: ضلع ہرنائی میں انسدادِ پولیو کی سہ روزہ قومی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 2 نومبر سے 4 نومبر 2026 تک ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہرنائی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میر سیف اللہ مری اور محکمہ صحت کی ضلعی ٹیم بھی موجود تھی۔
افتتاحی تقریب کے شرکا اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا نہایت ضروری ہے، لہٰذا والدین اس قومی فریضے کی ادائیگی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے ضلع ہرنائی کے تمام والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے اپنے تمام بچوں کو لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں اور انسدادِ پولیو کی فرنٹ لائن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ اس موذی مرض کے مکمل خاتمے اور ضلع کو پولیو سے پاک رکھنے کے قومی مقصد کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











