نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر کا ٹراما سینٹر ڈیرہ مراد جمالی کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کا حکم

نصیرآباد: ٹرین حادثے میں ایک کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے فوری طور پر ٹراما سینٹر ڈیرہ مراد جمالی کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
عملے کی غیر حاضری پر برہمی
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے حاضری رجسٹر چیک کیا اور ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر حاضر عملے کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے کہا کہ ٹراما سینٹر ایک انتہائی اہم طبی ادارہ ہے جہاں حادثات اور ہنگامی صورتحال میں زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی عملہ ہر وقت اپنی ڈیوٹی پر موجود رہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت علاج معالجے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور مریضوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے، بالخصوص ٹراما سینٹر میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی غیر حاضری کسی صورت قابل قبول نہیں، کیونکہ معمولی تاخیر بھی کسی قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ طبی حکام کو ہدایت کی کہ ٹراما سینٹر میں عملے کی حاضری، ایمرجنسی سروسز اور علاج معالجے کی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام ڈاکٹرز و طبی عملے کی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مشکل اور ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد میسر آ سکے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











