کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا یومِ اقبال پر پیغام
کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکر اور ولولہ انگیز شاعری برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری، خودی، آزادی اور اتحاد کا جذبہ پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ بنی۔
ان کے افکار و خیالات نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کیا بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو بھی ایک نئی فکری سمت اور عملی جدوجہد کا پیغام دیا۔
علامہ اقبال کا پیغام آج بھی اہم
علامہ محمد اقبال نے اپنی پوری زندگی مسلمانوں کی فکری و اخلاقی تربیت، ترقی اور عظمتِ رفتہ کی بحالی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی شاعری کا بنیادی مقصد مسلمانوں میں خود اعتمادی، خودی، اتحاد، اجتماعی شعور اور عمل کا جذبہ بیدار کرنا تھا۔
علامہ اقبال کا پیغام کسی ایک دور یا خطے تک محدود نہیں، بلکہ موجودہ عالمی حالات میں مسلمانوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان کے اتحاد، علم، خودی، برداشت اور اجتماعی جدوجہد کے افکار پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
علامہ اقبال نے اپنی فکر انگیز شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی اور انہیں اپنی الگ قومی شناخت، سیاسی حقوق اور آزاد مستقبل کے حصول کی خاطر بیدار کیا۔
یومِ اقبال کا اصل مقصد
آج یومِ اقبال منانے کا اصل مقصد محض تقریبات کا انعقاد اور ان کی شاعری پڑھنا نہیں، بلکہ ان کے افکار و نظریات کو سمجھنا، انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانا اور ان کے پیغامِ خودی، علم، عمل اور اتحاد کو عملی شکل دینا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے جدید علم، قومی یکجہتی اور اجتماعی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہی شاعرِ مشرق کو حقیقی خراجِ عقیدت اور ان کے خوابوں کی تعبیر کی جانب ایک عملی قدم ہوگا۔











