کوئٹہ: صنفی تشدد کے خلاف مہم میں دختران بلوچستان کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے پر پینل ڈسکشن
کوئٹہ: بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم، حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کے سلسلے میں دخترانِ بلوچستان کو پائیدار امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے مرکزی دھارے میں شامل کرنا کے موضوع پر پریس کلب کوئٹہ میں پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔
خواتین کی ترقی اور قیادت پر زور
پینل ڈسکشن میں ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ، چیف کوآرڈینیشن آفیسر بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس، ڈاکٹر عصمت اللہ خان، ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس، فاؤنڈر لیڈیز کلب بلوچستان روبینہ بلوچ، سماجی کارکن لبرین بلوچ، نمرا کھوکھر مینیجر بی آی سی بلوچستان یونیورسٹی، زارا حسن ایڈوکسی آفیسر، رشیدہ سمالانی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، سعدیہ جہانگیر اور سائرہ کاکڑ سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کے مؤثر کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کرنا پائیدار امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے۔ ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے تشدد کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں مساوی مواقع کی فراہمی کی اہمیت پر بات کی، اور زور دیا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔
سوشل ایکٹیوسٹ لبرین بلوچ نے خواتین کو درپیش سماجی مسائل اور صنفی بنیادوں پر امتیازی سلوک پر خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے خواتین میں شعور و آگاہی پیدا کرنے اور انہیں سماجی سرگرمیوں میں آگے لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ زہرہ حسن ایڈوکسی آفیسر بلوچستان نے خواتین کی خودمختاری، تعلیم اور معاشرتی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور فیصلہ سازی میں حصہ لینے کے برابر مواقع ملنے چاہئیں۔
تشدد کے خاتمے اور محفوظ ماحول کا عزم
سائرہ کاکڑ ڈائریکٹر ڈیجیٹل لائبریری نے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے اور خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور معاشرے میں ان کی عزت و احترام کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ رشیدہ سمالانی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے خواتین کو درپیش مشکلات اور معاشرتی امتیازی رویوں پر بات کی اور خواتین کی حوصلہ افزائی، باہمی تعاون اور مثبت سماجی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
نمرہ کھوکر مینیجر بی آئی سی بلوچستان یونیورسٹی نے خواتین کی سماجی ترقی اور کمیونٹی کی سطح پر ان کی شمولیت کی اہمیت پر گفتگو کی، اور کہا کہ خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی اور پائیدار امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سوشل ایکٹیوسٹ روبینہ بلوچ نے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف آگاہی، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ پر خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ خواتین کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
پینل ڈسکشن کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دختران بلوچستان کو بااختیار بنانے، ان کی قیادت کو فروغ دینے اور امتیازی سلوک و سماجی محرومی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ایک پرامن، محفوظ اور ہم آہنگ معاشرے کا قیام ممکن بنایا جا سکے۔











