کوئٹہ: سالانہ پروڈکٹ نمائش میں اسفند یار خان کا خواتین و نوجوانوں کی حوصلہ افزائی پر زور
کوئٹہ: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اسفند یار خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین اور نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت بلوچستان مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
نمائش کا افتتاح اور اعتراف
یہ خیالات انہوں نے انوویٹو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (IDO) کے زیر اہتمام اور یو این ایچ سی آر کے تعاون سے سٹی میرج ہال کوئٹہ میں منعقدہ سالانہ پروڈکٹ نمائش 2026 کے شرکاء کا انتخاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر (ریسکیو) پی ڈی ایم اے بلوچستان اصغر علی جمالی نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ تقریب کے دوران صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار خان نے انسانی خدمت، بروقت ریسکیو اور ہنگامی حالات میں امدادی خدمات کے اعتراف میں اصغر علی جمالی کو شیلڈ اور یادگاری سووینئر پیش کیا۔
اس موقع پر اصغر علی جمالی نے نمائش کے انعقاد پر سی ای او آئی ڈی او علی احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش بلوچستان کی باصلاحیت خواتین اور نوجوانوں کو اپنی مصنوعات، روایتی دستکاری اور ثقافت اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے 2022 کے سیلاب کے دوران آئی ڈی او کی امدادی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان اور آئی ڈی او گزشتہ دس سال سے باہمی تعاون کے ذریعے عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے خواتین اور نوجوانوں کے روزگار اور معاشی خودمختاری کے لیے ایسے پروگراموں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
بعد ازاں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار خان اور اصغر علی جمالی نے دستکاری کے اسٹالز کا افتتاح کیا اور مقامی خواتین و نوجوانوں کی تیار کردہ مصنوعات کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔











