ژوب: گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں سیکیورٹی فورسز کی مداخلت پر اعتراض
ژوب: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے پریس ریلیز کے مطابق گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب میں مسلح سیکیورٹی فورسز کی غیر ضروری مداخلت اور تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی مداخلت کو تعلیمی ادارے کی خودمختاری، اساتذہ کے وقار اور طلباء کے آزادانہ تعلیمی ماحول کو تباہ کرنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی مداخلت پر اعتراض
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مسلح سیکیورٹی فورسز کے دوروں سے طلباء اور اساتذہ میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے، جس کے باعث ادارے کا پرامن تعلیمی ماحول متاثر ہو رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے علم، تحقیق، شعور اور فکری آزادی کے مراکز ہوتے ہیں، ان تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے یا ان پر قبضہ کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملک کے آئین میں سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے، جس کے مطابق ان کا کام سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے۔ جبکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں، طلباء کے لیے وظائف، ورکشاپس اور مطالعاتی دوروں کا انتظام محکمہ تعلیم کی ذمہ داری ہے، کیونکہ ہر سال تعلیم کی مد میں اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کی جاتی ہے۔
پرنسپل، کیمروں اور مطالبات
بیان میں کہا گیا کہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کے پرنسپل عبدالرحمن عرصہ دراز سے اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کے بجائے ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کے اثرات کالج کی تعلیمی سرگرمیوں پر پڑ رہے ہیں۔ ان منفی سرگرمیوں کی وجہ سے کالج کے طلباء، کالج اسٹاف اور ژوب کے غیور عوام پرنسپل عبدالرحمن کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق پرنسپلز کے ادوار میں کالج کی تدریسی سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رہیں، جبکہ موجودہ پرنسپل کے دور میں نہ صرف تعلیمی ماحول متاثر ہوا ہے بلکہ کالج میں تعمیراتی کام میں بڑے پیمانے پر کرپشن بھی کی گئی ہے۔ بیان میں نیب سے مطالبہ کیا گیا کہ موصوف کی کرپشن کے خلاف تحقیقات کی جائیں، اور کالج میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے پرنسپل کو فوری طور پر ٹرانسفر کیا جائے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کالج کے آئی ٹی حب میں نصب کیمروں کو چھاؤنی سے منسلک کیا گیا ہے اور طالبات کی کلاسوں کی ویڈیوز چھاؤنی سے دیکھی جا رہی ہیں۔ اس عمل کو طالبات کی عزت، وقار اور تحفظ پر حملہ اور پورے ضلع کی عزت و ناموس، چادر اور چار دیواری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کالج لاج کے سامنے پروفیسروں کو روک کر ان کے شناختی کارڈ چیک کرتی ہیں اور توہین آمیز لہجے میں پوچھتی ہیں کہ کہاں جا رہے ہیں، یہ رویہ اساتذہ کے وقار اور مقدس پیشے کی توہین ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کالج میں پنجے گاڑنے کے لیے 30 طلباء کو اسکالرشپس، ورکشاپس اور مطالعاتی دوروں کے بہانے منتخب کرنے کا مقصد دراصل تعلیمی ادارے میں مداخلت کو طول دینا اور پرامن تعلیمی سرگرمیوں کو استعماری منصوبے کے تحت چلانا ہے، اور مستقبل میں اساتذہ اور طلباء کو جمہوری، سیاسی اور تحریر و تقریر کی آزادی کے حق سے محروم کرنا ہے۔
پارٹی نے طلباء کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیوں سے باز رکھیں اور اس کے خلاف آواز بلند کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی تعلیمی اداروں میں مسلح سیکیورٹی فورسز کی بلاجواز مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی، کیونکہ کالجز اور یونیورسٹیاں علم، تحقیق، شعور اور فکری آزادی کے مراکز ہوتی ہیں، انہیں مسلح سیکیورٹی فورسز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔
پریس ریلیز کے آخر میں تمام سیاسی و جمہوری پارٹیوں، طلباء تنظیموں، ٹیچر یونین، انجمن تاجران، والدین اور سول سوسائٹی سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ژوب میں مسلح فورسز کی بلاجواز مداخلت روکنے اور کالج کی خودمختاری، طلباء کے تحفظ، اساتذہ کے وقار اور پرامن تعلیمی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔











