چمن: ڈپٹی کمشنر حبیب احمد بنگلزئی کا یومِ اقبال پر خصوصی پیغام، نوجوانوں کو عمل کی دعوت
چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے یومِ اقبال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کی فکری و علمی خدمات برصغیر کے مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کے افکار و نظریات نے مسلمانوں میں خودی، خوداعتمادی، آزادی، اتحاد اور ایک الگ قومی تشخص کا شعور بیدار کیا، جو تحریکِ پاکستان کی فکری بنیاد بنا۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد، بلند مقاصد کے تعین اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ ان کا پیغام محض شاعری تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسی فکری رہنمائی ہے جو نوجوان نسل کو علم، کردار، خودداری، محنت اور قومی ذمہ داریوں کا احساس دلاتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں قومی اتحاد، تعلیم، ترقی، امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ بالخصوص نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اقبال کے تصورِ شاہین، بلند نظری اور خودی کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل کے لیے باہمی احترام، قومی یکجہتی، مثبت سوچ اور عملی جدوجہد ناگزیر ہے۔ یومِ اقبال ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قومیں محض خواب دیکھنے سے نہیں بلکہ عزم، علم، اتحاد اور مسلسل محنت سے ترقی کرتی ہیں۔











