لورالائی: کمشنر ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت N70 ٹول پلازوں پر ٹرانسپورٹ یونینز کا اجلاس

لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی قومی شاہراہ N70 پر ٹول پلازوں کے قیام، مقامات اور ٹول ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر، این ایچ اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ریونیو) محمد عیسیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد نواز سومرو، ٹرک یونین بلوچستان کے صدر بلوچ خان اوتمانخیل سمیت مختلف ٹرانسپورٹ یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران این ایچ اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عیسیٰ نے کمشنر لورالائی ڈویژن کو قومی شاہراہ N70 کے روٹ، اس کی تزویراتی، اقتصادی اور علاقائی اہمیت، شاہراہ کی مجموعی لمبائی، ٹریفک کی آمدورفت اور ٹول پلازوں کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قومی شاہراہ N70 پاکستان کا ایک اہم بین الصوبائی مشرقی و مغربی رابطہ روٹ ہے، جس کی مجموعی لمبائی تقریباً 441 کلومیٹر ہے۔ یہ شاہراہ صوبہ پنجاب اور شمالی بلوچستان کے درمیان اہم تجارتی و سفری رابطے کا ذریعہ ہے اور قومی شاہراہوں N5 اور N50 کو آپس میں منسلک کرتی ہے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق اس شاہراہ کا آغاز پنجاب کے شہر ملتان سے ہوتا ہے جبکہ اختتام بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ پر ہوتا ہے۔ یہ شاہراہ مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، فورٹ منرو، راکھی گاج، بیواٹا، رکھنی اور لورالائی سے گزرتی ہے۔ شاہراہ کا تقریباً 256 کلومیٹر حصہ بلوچستان کی حدود میں واقع ہے، جو قلعہ سیف اللہ سے بیواٹا تک پھیلا ہوا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قومی شاہراہ N70 تجارتی سامان، زرعی اجناس، معدنیات، پٹرولیم مصنوعات اور مسافروں کی آمدورفت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور علاقائی تجارت، معاشی سرگرمیوں اور دور دراز علاقوں تک رسائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ این ایچ اے حکام نے شاہراہ کی دیکھ بھال، ٹریفک کی بلاتعطل روانی اور ٹول ٹیکس کی مؤثر وصولی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
ٹول پلازے اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظات
بریفنگ میں بتایا گیا کہ این ایچ اے کو شاہراہوں کی دیکھ بھال کے لیے تقریباً 15 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ آپریشنز سے حاصل ہونے والی آمدنی کی شرح صرف 1.68 فیصد بتائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ٹول پلازوں کے مناسب مقامات کے تعین اور مؤثر وصولی کے انتظامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں ویسٹ زون میں قومی شاہراہ N70 پر قائم ٹول پلازوں کے حوالے سے بھی تفصیلات پیش کی گئیں، جن میں بیواٹا کے مقام پر کلومیٹر 181 اور قلعہ سیف اللہ کے تھنگ چیک پوسٹ کے مقام پر کلومیٹر 408 پر قائم ٹول پلازے شامل ہیں، جنہیں فعال قرار دیا گیا۔
اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں کو اپنے تحفظات، اعتراضات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا۔ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بالخصوص تھنگ چیک پوسٹ پر ٹول پلازے کے مقام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مقام مرکزی ٹریفک روٹ پر واقع نہیں اور وہاں گاڑیوں کی آمدورفت بھی نسبتاً کم ہے، جس کے باعث ٹول ٹیکس کی مؤثر اور منصفانہ وصولی کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔
ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں نے ٹول پلازوں کے مقامات کے تعین میں زمینی حقائق، ٹریفک کے حجم اور ٹرانسپورٹرز کے مفادات کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے اجلاس میں پیش کیے گئے تمام نکات، تحفظات اور تجاویز کو اہمیت دیتے ہوئے متعلقہ حکام اور ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں کے مؤقف کو سنا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد قومی شاہراہ N70 پر ٹول پلازوں کے قیام اور ان کے مقامات کے حوالے سے باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کا جائزہ لینا تھا۔











