قلات: چیئرمین میونسپل کمیٹی کی ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی تقریبات میں شرکت
قلات: چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات نوابزادہ میر شعیب جان زہری نے قلات میں ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کے مذہبی تہوار کی خوشیوں میں شرکت کی اور انہیں دیوالی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہندو برادری کے مہاراج سمیت دیگر برادری کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی قلات نوابزادہ میر شعیب جان زہری نے قلات کی ہندو برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی خوشیوں، محبت، امن، بھائی چارے اور روشنی کا تہوار ہے، جو ہمیں امید، رواداری اور ایک دوسرے کے مذہبی عقائد کے احترام کا درس دیتا ہے۔
بلوچستان، مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کا تحفظ
بلوچستان کی سرزمین مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے ماننے والوں کا مشترکہ گھر ہے، جہاں تمام اقوام نے ہمیشہ باہمی احترام اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندو برادری بلوچستان کی سماجی، ثقافتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ مذہبی اقلیتوں کے جان و مال، عزت و آبرو، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد باہمی احترام، برداشت، مذہبی ہم آہنگی اور یکساں حقوق پر قائم ہوتی ہے۔ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ بلوچستان میں بسنے والا ہر شہری بلاامتیاز مذہب و نسل خود کو محفوظ، باعزت اور معاشرے کا برابر کا حصہ محسوس کرے۔
آخر میں نوابزادہ میر شعیب جان زہری نے ہندو برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی کی یہ خوشیاں محبت، امن اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بنیں۔
اس کے بعد ہندو برادری کے مہاراج سمیت دیگر افراد نے ان کا دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوابزادہ میر شعیب جان زہری ہمارے اس تہوار کی خوشیوں میں شریک ہو کر باہمی رواداری اور آپس کی محبت کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔











