قلات: ماڈل داؤد ہائی اسکول میں یومِ اقبال کی تقریب، ڈپٹی کمشنر کا خطاب
قلات: ملک بھر کی طرح قلات میں بھی یومِ اقبال قومی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ قلات اور محکمہ تعلیم کے زیرِ اہتمام مختلف گرلز اور بوائز اسکولوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی ملی، ادبی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
مرکزی تقریب اور طلباء کی پیشکش
یومِ اقبال کے مرکزی سلسلے میں گورنمنٹ ماڈل داؤد ہائی اسکول قلات میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری، ایف سی کرنل نوید، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن ثناء اللہ ثناء، پرنسپل ماڈل داؤد ہائی اسکول غلام مصطفیٰ بنگلزئی، اساتذہ کرام اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبولؐ سے ہوا۔ اس موقع پر طلباء نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور علامہ اقبال کی شخصیت، شاعری اور فلسفہ خودی کے حوالے سے اردو اور انگریزی میں تقاریر پیش کیں۔ طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے علامہ اقبال کے افکار و نظریات کو اجاگر کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
ڈپٹی کمشنر کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ علامہ اقبال برصغیر کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی تھے، جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی، بیداری اور آزادی کا شعور پیدا کیا۔ اقبال کا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بالخصوص طلباء کو علامہ اقبال کے افکار و نظریات کا مطالعہ کرنا چاہیے اور ان کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ہی وہ بنیادی ذریعہ ہے جس کے ذریعے ہم ایک باشعور، ترقی یافتہ اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین کا تصور دے کر بلند حوصلے، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ طلباء کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے حصول، کردار سازی اور ملک و قوم کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔
یومِ اقبال منانے کا مقصد نئی نسل کو شاعرِ مشرق کے افکار، فلسفہ خودی اور قومی شعور سے روشناس کرانا ہے۔ تعلیمی اداروں میں ایسی تقریبات طلباء کی علمی، ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر علامہ اقبال کی قومی، ادبی اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کے پیغامِ خودی، علم اور عمل کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایسی مثبت اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔











