بھارتی سموگ پاکستان سمیت خطے کی فضا کو زہر آلود کرنے لگی

لاہور: میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی سموگ پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے آلودگی کا باعث بن گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرحد پار سے آنے والی آلودگی لاہور، بالائی پنجاب اور سرحدی اضلاع کی فضا کو خطرناک حد تک زہریلا بنا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائی آلودگی خلا سے بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ ناسا کے MODIS اور VIIRS سینسرز اور یورپی خلائی ایجنسی کے Sentinel سیٹلائٹس بھارت کی فضا میں مسلسل پھیلی ہوئی آلودگی کی تہہ کی نشاندہی کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں فضائی آلودگی کے اضافے کی بنیادی وجہ بھارت میں فصلوں کی باقیات کو جلانا ہے۔ بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے سے اٹھنے والا زہریلا دھواں سب سے پہلے پاکستانی سرحدی علاقوں کو متاثر کرتا ہے۔ جغرافیائی قربت کے باعث بھارتی کسانوں کی قانون شکنی کا فوری اثر پاکستانی پنجاب کے ائیر کوالٹی انڈیکس پر پڑتا ہے۔
انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے مطابق 15 ستمبر سے یکم نومبر 2026 کے درمیان 7 ریاستوں میں پرالی جلانے کے 3 ہزار 316 واقعات سامنے آئے۔ رپورٹ کے مطابق ہر سال سردیوں میں دریائے گنگا کے میدانی علاقوں میں دھوئیں اور دھند کے گہرے بادل دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق خطے کا سب سے بڑا آلودگی دہندہ ہونے کے باوجود بھارت پڑوسی ممالک سے مشترکہ حکمت عملی بنانے سے گریزاں ہے۔ فصلوں کی باقیات کے علاوہ بھارت میں جاری صنعتی سرگرمیاں بھی پورا سال فضا کو زہریلا رکھتی ہیں۔











