ایرانی اسپیکر قالیباف کا امریکا کو انتباہ، غلط اندازے پر فوری جواب کا عزم

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے غلط اندازہ لگایا تو ایران فوری اور جارحانہ جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین خطے کی موجودہ صورتحال ختم کرنے اور امن بحال کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق قالیباف نے کہا کہ ایران اور عرب ممالک کے ساتھ چین کے تعلقات اور بیجنگ کے سفارتی اقدامات خطے میں استحکام مضبوط بنانے اور نئے علاقائی نظام کی تشکیل میں مدد دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکا کو متنبہ کیا کہ اگر واشنگٹن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایران فوری اور جارحانہ جواب دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
ایران کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی غلطی کی صورت میں ایرانی مسلح افواج تنازع کے جغرافیائی دائرے کا تعین خود کریں گی۔
ان کے مطابق نیا میزائل سٹی دشمنوں کے لیے ایران کی جانب سے واضح پیغام ہے، اور جنگ کی آگ میں بھی ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے سے غافل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے نئے میزائل سٹی کی رونمائی ایرانی عوام کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کریں گے۔











