جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کے امیر اویس عزیز کا 15 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کے امیر مولانا اویس عزیز کا 15 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ مولانا اویس عزیز کے وکیل سینیٹر کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے۔
محب وطن لوگوں پر بھی دہشت گردی کی دفعات لگائی جا رہی ہیں۔ ہم آئین پاکستان کے وفادار لوگ ہیں، پورے ایونٹ میں کوئی تنکا نہیں ٹوٹا تھا۔ پولیس نے ایف آئی آر واقعہ کے 3 دن بعد لیٹ درج کی۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے کہا کہ ایونٹ میں جی ٹی روڈ بند کرنے کی ترغیب دی گئی، لوگوں کو گھروں میں محصور کیا گیا اور خوف پھیلایا گیا۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اگر کسی کو اشتعال دلانے کی ترغیب دی گئی ہے تو وہ لوگ کہاں ہیں؟ جن لوگوں کو گھروں میں محصور کرنے کا کہا گیا ان کے بیانات کدھر ہیں؟ سرکاری گاڑی کے شیشے ٹوٹنے کا ذکر کیا گیا، وہ ثبوت کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر ثبوت ہیں تو عدالت ریمانڈ دے ورنہ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مسجد میں نماز پڑھانے اور قرآن پاک پڑھانے والے کو دہشت گرد بنا دیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے کہا کہ مزید تفتیش کرنی ہے، اس لیے 30 دن کا ریمانڈ چاہیے۔ عدالت نے اویس عزیز کا 15 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
مولانا اویس عزیز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔











