لسبیلہ: کمشنر سائرہ عطاء کا بی ایس ڈی آئی کے تحت ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں پر بیان
لسبیلہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بی ایس ڈی آئی (BSDI) کے تحت لسبیلہ ڈویژن کے تینوں اضلاع (حب، آواران، لسبیلہ) کے مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے بتایا کہ ان منصوبوں میں پاکستان پوائنٹ کی ترقی، جدید آئی ٹی حبز کا قیام، سڑکوں کی بحالی و تعمیر، اور کھیلوں کے میدانوں کی فراہمی شامل ہے۔
مزید برآں، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی بہتری اور ماہی گیروں کے لیے فشنگ شیڈز کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔ صنعتی شہر حب میں عوامی سہولت کے لیے پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر، تعلیمی اداروں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی اور اسکولوں کی سولرائزیشن کے منصوبے بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔
کمشنر لسبیلہ ڈویژن کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد بلوچستان کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانا، نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا اور تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
بی ایس ڈی آئی بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کی جانب عملی پیش رفت کی بنیاد ہے۔ انتظامی امور کی بہتری اور گورننس کے لیے نئے ڈویژن کا قیام حکومت کی اسی عوام دوست پالیسی کا تسلسل ہے۔











