نصیرآباد: پٹ فیڈر کینال میں ربیع سیزن کے لیے 3500 کیوسک پانی کی فراہمی

نصیرآباد: ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال شمس الملک بادینی نے کہا ہے کہ ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی میں بہتری اور اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پانی کی فراہمی کی صورتحال
سندھ سے پٹ فیڈر کینال میں پانی کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت کینال میں 3500 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے کاشتکاروں کو درپیش پانی کی قلت اور مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمن بلوچ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں زمینداروں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹ فیڈر کینال کے دورے کے موقع پر پانی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینے اور کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل آفیسر عبدالظاہر مینگل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
منصفانہ تقسیم اور نگرانی
شمس الملک بادینی نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی میں اضافے کے بعد ربیع کینال اور پٹ فیڈر کینال کی تمام ذیلی شاخوں میں زرعی پانی منصفانہ بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے تاکہ ہر زمیندار کو اس کے مقررہ حصے کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژنل افسران پانی کی تقسیم اور فراہمی کے تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ وہ خود بھی مختلف ذیلی شاخوں کے اچانک دورے کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ تقسیمِ آب کے نظام میں کسی قسم کی بے ضابطگی، غفلت یا کوتاہی کا امکان باقی نہ رہے اور کسی بھی کاشتکار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ربیع سیزن کے دوران زمینداروں کو زرعی پانی کی بلاتعطل، منصفانہ اور بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











