پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر شہباز شریف اور حافظ نعیم کی ملاقات دو روز میں متوقع

لاہور: جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان آئندہ دو روز میں ملاقات متوقع ہے، جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ خاں نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مجوزہ ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومتی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کو جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسلام آباد اور لاہور میں ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کر دیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی وزیراعظم سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے ایجنڈے پر ملاقات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔
جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمے کے خلاف احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔











