ایس ای سی پی میں سائبر سیکیورٹی کے لیے جدید سیکیورٹی آپریشنز سینٹر قائم، چیئرمین نادرا نے افتتاح کیا

اسلام آباد: سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے جدید سیکیورٹی آپریشنز سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جس کا افتتاح چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے کیا۔
اس سینٹر کے ذریعے معلوماتی اثاثوں کی حفاظت اور سائبر خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔ سیکیورٹی آپریشنز سینٹر بین الاقوامی معیار اور بہترین عالمی طریقہ کار کے مطابق کام کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور کمشنرز نے شرکت کی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے چیئرمین نادرا کو آئی ٹی اصلاحات اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ خدمات کی فراہمی میں بہتری اور کاروباری آسانی کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال بڑھایا جا رہا ہے۔
کیپٹل مارکیٹ کے تمام اداروں کو سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک میں شامل کیا جائے گا۔











