پیپلز پارٹی اقتدار کے لیے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتی: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اقتدار کی بھوکی نہیں اور نہ ہی وزارتیں حاصل کرنے کے لیے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرتی ہے۔
ان کے مطابق پارٹی نے وفاقی حکومت کی حمایت جمہوری نظام کے تسلسل اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے کی، نہ کہ وفاقی وزارتیں حاصل کرنے کے لیے۔
میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو وفاقی وزارتوں کا شوق ہوتا تو ماضی میں بھی اسے وزارتوں کی پیشکش ہوتی رہی ہے اور آج بھی وفاقی وزارتیں مل سکتی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مختلف مواقع پر پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی، تاہم پارٹی نے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ اپنا کام جاری رکھے، جمہوری نظام برقرار رہے اور جمہوریت مضبوط ہو۔ اسی مقصد کے تحت وفاقی حکومت کی حمایت کی گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بلوچستان میں جب پیپلز پارٹی کی اپنی حکومت تھی اور صدر و وزیراعظم بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے تھے، تب بھی حالات کے تقاضوں کے مطابق سخت اقدامات کی ضرورت محسوس ہونے پر پارٹی نے اپنی حکومت کے خلاف بھی قدم اٹھانے سے گریز نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے عوام کا تحفظ اقتدار سے زیادہ اہم ہے اور دہشت گردی سمیت قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اصولی مؤقف پر قائم رہنا ضروری ہے۔











