ایران سے معاہدہ یا فیصلہ کن کارروائی، امریکا کو ایک راستہ چننا ہوگا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے یا فیصلہ کن کارروائی کرنے میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ایران سے معاہدہ کیا جائے یا اسے ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں کر رہا اور اس کی بیشتر جوہری تنصیبات تباہ کی جا چکی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا پِک ایکس مانٹین میں سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ایران میں جبل الفاس کے مقام پر کیا ہو رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق امریکی صدر براک اوباما کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو بدترین قرار دیا۔
آبنائے ہرمز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے اور جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب آبنائے ہرمز سے زیادہ کاروبار ہو رہا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہو جائیں گی۔











