شاہد رند: گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام بنانے اور کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
موثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے تخریبی منصوبے کو ناکام بنانے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان میں بدامنی پھیلا کر صوبے کی تعمیر و ترقی کا راستہ روکنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
امن کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی
بلوچستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ کے معاون نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور صوبے میں ترقیاتی و معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔
سکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دہشت گرد عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں کہ ان کے مذموم مقاصد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور سکیورٹی اداروں کی مسلسل کاوشیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور صوبے کو پرامن و خوشحال بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔











